یونیسکو کے اولین کلچر سنیما فیسٹیول کے ادبی زمرے میں باوقار اعزاز
حیدرآباد، 24 جولائی (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کو بین الاقوامی سطح پر ایک اور اعزاز حاصل ہوا۔ سنٹر کی جانب سے تیار کردہ مختصر فلم ”نوائے سروش۔ مرزا غالب“ کو اولین انٹرنیشنل کلچر سنیما فیسٹیول۔ 2021 میں ادب کے زمرہ میں ”بیسٹ ان لٹریچر“ ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔
فیسٹیول کا انعقاد، یونیسکو، نئی دہلی؛ جے ایل ایف لٹ فیسٹ اور سی آئی ایف ای جے کے اشتراک سے کیا جارہا ہے۔ 21جولائی کو منعقدہ آن لائن فلم فیسٹول میں اس ایوارڈ کا اعلان کیا گیا۔ اس فلم کی ہدایت ڈاکٹر میر حشمت علی نے دی کیا ہے۔ نوائے سروش۔ مرزا غالب کے علاوہ آئی ایم سی کی 9 مختصر فلموں اور دستاویزی فلموں کی اس فیسٹیول میں نمائش کی
گئی۔ یہ نہ صرف یونیورسٹی بلکہ سارے ملک کے لیے اعزاز ہے کہ ایک ہندوستانی فلم کو بین الاقوامی سطح پر ایوارڈ دیا گیا۔ اس فیسٹول کا 17 جولائی کو آن لائن آغاز ہوا اور اس کی اسکریننگ 16 اگست تک جاری رہے گی۔ اس میں عالمی سطح پر منتخبہ فلموں کی نمائش کی جارہی ہے۔ فیسٹیول میں 21 ملکوں کی 74 فلمیں دکھائی گئیں اور 42 فلمیں مسابقتی زمرے میں تھیں۔
جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر آئی ایم سی نے مانو فلم کو ایوارڈ ملنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2 سال قبل آئی ایم سی نے مانو نالج سیریز کے تحت سائنس، اختراع، زبان و ثقافت پر فلمیں بنانے کا آغاز کیا تھا۔ اب اس کا ثمر حاصل ہو رہا ہے۔ یہ کامیابی مرکز کو مزید بہتر کام کرنے کے لیے تحریک ثابت ہوگی۔ ایوارڈ کے لیے انہوں نے پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔
پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، وائس چانسلر انچارج اور پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج نے ایوارڈ کے حصول پر آئی ایم سی ٹیم کو مبارکباد پیش۔ اور کہا کہ عالمی سطح پر اعزاز کا ملنا آئی ایم سی کی ساری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔