حیدرآباد،یکم جولائی(یواین آئی) آج دنیا نئی ٹکنالوجی کے دور میں ہے اورصحافت جسے جمہوریت کا چوتھا ستون کہا جاتا ہے‘ نئے آلات اور تکنیک سے لیس ہورہی ہے‘ ایسے میں اردو صحافیو ں اور میڈیا کے نمائندوں کو بھی نئے دور سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہے‘دیکھا یہ جارہا ہے کہ ٹکنالوجی کی ترقی کے اس میدان میں اردو صحافت کونت نئے مسائل کا سامنا ہے۔
اس لئے اگر ان کی شفافیت کے ساتھ تکنیکی‘اخلاقی اور فنی تربیت ہو
تو ان کی صلاحیتو ں میں مزید نکھار پیدا ہوسکتا ہے۔
اس اہم ذمہ داری کو نبھانے تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی نے ہندوستان اور ریاست تلنگانہ کے اُردو صحافیوں / میڈیا کے نمائندوں کی تربیت کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کا فیصلہ کیا اور اس ضمن میں محمد رحیم الدین انصاری صدرنشین تلنگانہ اردواکیڈیمی کی سرپرستی میں 13 جولائی تا 17 جولائی 2021 ء پانچ روزہ قومی آن لائن تربیتی ورکشاپ کا انعقاد عمل میں لایاجارہا ہے۔