نئی دہلی، 05 مارچ (یواین آئی) دہلی سرکار نے کرونا وائرس کے پھیلنے کے امکانات کے پیش نظر احتیاطی قدم اٹھاتے ہوئے آج دارالحکومت کے تمام پرائمری اسکولوں کو 31 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔
نائب وزیر اعلی اور وزیر تعلیم منیش سسودیا نے آج ٹویٹر پر اس کی اطلاع دی۔انہوں نے بتایا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر احتیاطاً حکومت نے سرکاری امداد یافتہ ، پرائیویٹ، دہلی میونسپل کارپوریش اور نئی دہلی میونسپل کارپوریشن کے تمام پرائمری اسکولوں کو 31 مارچ تک بند رکھنے کی ہدایات دی ہے۔
اس سے پہلے چین کے بعد ملک میں تیزی سے پھیل
رہے مہلک کرونا وائرس کو دیکھتے ہوئے دہلی حکومت نے دارالحکومت میں بایومیٹرک حاضری لگانے پر روک لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
دہلی حکومت نے میونسپل کارپوریشنز، اسکولوں، کالجوں، دفتروں اور اسپتالوں کے حکام اور ملازمین کی بایومیٹرک حاضری لگانے پر اگلے حکم تک پابندی لگا دی ہے۔
دہلی حکومت کے صحت اور خاندانی بہبود کے محکمہ نے آج یہاں ایڈوائزری جاری کرکے یہ ہدایت دی۔
بایومیٹرک حاضری کے لئے آنکھوں اور ہاتھوں کا استعمال ہوتا ہے جس سے اس وائرس کے پھیلنے کا شبہ ہے۔ ہندوستان میں اب تک کرونا وائرس کے 29 معاملے سامنے آ چکے ہیں۔