نئی دہلی، 4 ستمبر (یو این آئي) سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) اس مہینے کے آخر تک دسویں اور بارہویں کے کمپارٹمنٹ امتحانات منعقد کرے گی۔
سپریم کورٹ میں جمعہ کے روز سماعت کے دوران بورڈ کی طرف سے بتایا گیا کہ امتحان ستمبر کے آخر میں منعقد کرنے کی تجویز ہے۔ عدالت عظمی نے سی بی ایس ای بورڈ سے 10 ستمبر تک اس سلسلے میں تفصیلی حلف نامہ داخل کرنے کو کہا ہے۔
بورڈ کی جانب سے عدالت عظمی میں پیش ہونے والے ایڈووکیٹ روپیش کمار نے جج اے ایم خانویلکر کی سربراہی والی بنچ
کو بتایا کہ امتحانی مراکز کی تعداد بڑھا کر 1278 کردی گئی ہے۔
وکیل نے بنچ کے سامنے کہا کہ "ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جس کلاس میں 40 طلبہ بیٹھ سکتے ہیں، اس میں صرف 12 کو رکھا جائے گا۔ ہم تمام احتیاطی اقدامات کر رہے ہیں"۔
عدالت کی طرف سے امتحان کرانے کے بارے میں پوچھے جانے پر وکیل موصوف نے کہا کہ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن آج جاری کیا جائے گا۔
درخواست گزارکا کہنا ہے کہ جب کورونا وائرس کی وجہ سے اصل امتحان رد ہوسکتا ہے، تو بورڈ کمپارٹمنٹ امتحان کیوں نہيں منسوخ کرسکتا ہے، یہ واضح نہيں ہے۔