ایم ایس جونیئر کالج ملک پیٹ برانچ میں نماز ہال کا افتتاح
حیدرآباد۔ 25 جنوری ۔ پریس ریلیز۔
نماز دینِ اسلام کے پانچ ستونوں میں سے ایک ستون ہے ۔ اس دور میں، خاص طورپر ہمارے نوجوانوں کو، نماز کی طرف راغب کرنا اشد ضروری ہے۔ تعلیم میں مصروفیت کے نام پراکثر ادائیگی نماز میں غفلت دیکھی جاتی ہے ۔ اسی احساس کے مد نظر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے تمام اسکولس اور کالجس میں ادائیگی نماز کے لئے خصوصی جگہ کا انتظام کیا جا تا ہے۔
اس طرح طلباء و طالبات کے لئے نماز کی ادائیگی کی سہولت کے لئے ایم ایس کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات میں ایک اوراضافہ ہوا ہے۔ ایم ایس جونئر کالج ملک پیٹ برانچ کی نئی عمارت میں نماز ہال کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اس کا افتتاح انجام دیا گیا۔ اس نماز ہال کے ساتھ یہاں وضو کا بھی انتظام ہے ۔
ایم ایس جونئرکالج ملک پیٹ برانچ میں نماز ہال کا افتتاح امیر جامعہ نظامیہ مفتی خلیل احمد صاحب نے انجام دیا۔ انہوں نے اس موقع پر نماز ظہر کی امامت کی اور اس کے بعر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم ایک علمی درس گاہ میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ علم کی فضیلت دیگر مذاہب کے مقابلے میں سب سے زیادہ دینِ اسلام میں بتائی گئی ہے۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالی اس کار خیر کو قبول فرمائے اور جن کے ایصال ثواب کے لیے یہ تعمیر کیا گیا ان کی مغفرت فرمائے اور یہ جو تعلیمی ادارہ قائم کیا گیا ہے جہاں پر دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی تعلیم کا بھی انتظام ہے۔ یہ خوش آئند ہے اور بہت ہی اچھا مقصد ہے۔ اللہ ان کو
اس مقصد میں کامیابی عطا فرمائے، ترقی عطا فرمائے اور ہماری ملت میں اس طرح کی مثالوں میں اور اضافہ ہو۔
اس موقع پر مہمان خصوصی ایم ایل اے ملک پیٹ احمد بلعلہ صاحب نے بھی شرکت کی اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہیں خوش نصیب قراردیا ۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب کو آپ کے والدین کو مبارکباد ہے کہ آپ لوگ ایک ایسے ادارے میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جہاں نہ صرف دنیاوی تعلیم بلکہ دینی تعلیم سے بھی آپکو آراستہ کیا جارہا ہے۔
اس تقریب میں ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے بانی اور چیر مین محمد لطیف خان اور منیجنگ ڈاٗئرکٹرس انور احمد اور ڈاکٹر معظم حسین بھی موجود تھے۔
محمد لطیف خان نے اپنے خطاب میں طلباء سے کہا کہ طلباء ہمیشہ یہ بات یاد رکھیں کے ہمیں اللہ کی طرف لوٹنا ہے ۔اس موقع پر انہوں نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
ایم ایس جونئرکالج ملک پیٹ برانچ کے نماز ہال میں طلباء و طالبات کو الگ الگ اوقات میں نماز کی ادائیگی کا انتظام ہے۔ طلباء کی ادائیگی نماز کے بعد طالبات نے بھی نماز ظہر ادا کی ۔ اس موقع پرمفتی سید ضیاء الدین نقشبندی صاحب نے طالبات سے نصیحت آموز خطاب کیا اور دعا کی ۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس گروپ دینی اور دنیاوی ہر دو لحاظ سے نونہلان امت کو آراستہ کرنے کا کامیاب سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ اللہ رب العزت سے عاجزانہ دعا ہے کہ پروردگار اس ادارے کو اس کے بانیان ، ذمہ داران ، اساتذہ اور طلباء و طالبات کودارین میں سرخرو رکھے اور دنیوی اعتبار سے ایسے علم و عرفان سے مالا مال کرے کہ جہاں یہ جائیں علم کی روشنی پھیلائیں۔