ڈاکٹر شمس بدایونی، ڈاکٹر محمد نثار اور ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب وغیرہ ایوارڈ یافتگان میں شامل
نئی دہلی، 26 اگست 2021عالمی یومِ اردو آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے عالمی یوم اردو ایوارڈ یافتگان کے ناموں کی فہرست جاری کرتے ہوئے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ تمام تر نامساعد حالات کے باوجود اردو کے چاہنے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ سرکاری امداد یافتہ اداروں کی سرد مہری کے باوجود بڑے پیمانے پر علامہ اقبال کے یوم پیدائش 9 نومبر کو اُردو ڈے کے طور پر منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر ملک و بیرون ملک جہاں بھی اردو کے شیدائی ہیں ’اردو ڈے‘ تقریب کا اہتمام کرتے ہیں۔
ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے بتایا کہ عالمی یومِ اردو آرگنائزنگ کمیٹی، نئی دہلی کے زیراہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی 9 نومبر 2021 کو سمپوزیم اور عالمی یومِ اردو ایوارڈ تقریب کا
اہتمام کیا گیا ہے۔ ایوارڈ یافتگان میں معروف ادیب ڈاکٹر شمس بدایونی کو بابائے اردو مولوی عبدالحق ایوارڈ برائے ادب و تحقیق، ڈاکٹر محمد نثار (سینئر سب ایڈیٹر، روزنامہ راشٹریہ سہارا، نئی دہلی) کو مولانا محمد مسلم ایوارڈ برائے صحافت، ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب (سینئر سب ایڈیٹر، روزنامہ انقلاب، نئی دہلی) کو محفوظ الرحمن ایوارڈ برائے صحافت، جناب امیر امروہوی (سینئر سب ایڈیٹر، روزنامہ سچ کی آواز، نئی دہلی) کو عثمان فار قلیط ایوارڈ برائے صحافت، مسٹر رامش (فوٹو گرافر، روزنامہ سیاسی تقدیر، نئی دہلی) کو سیّد فدا علی ایوارڈ برائے فوٹوگرافی، جناب فاروق سیّد (ایڈیٹر، ماہنامہ گل بوٹے، ممبئی) کو اسمٰعیل میرٹھی ایوارڈ برائے ادب اطفال، جناب فاروق ارگلی (نئی دہلی) کو گلزار دہلوی ایوارڈ برائے تخلیقی ادب اور آفتاب حسنین (ممبئی) کو کمال امروہوی ایوارڈ برائے اردو ڈرامہ نگاری شامل ہیں۔