بھوپال،11اپریل (یو این آئی)اُردو صحافت کے دوسو سال مکمل ہونے پر ملک و بیرون ملک اُردو کا دو سو سالہ جشن منایاجارہارہا ہے بینظیر انصار ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی بھی اُردو صحافت کے دو سوسال مکمل ہونے پر پورے ملک میں اُردو کے مسائل اور ترقی کے سلسلے متعدد پروگراموں کا انعقاد کررہی ہے۔وہ اردو زبان کے فروغ کے لیے 27مارچ2022 سے ایک تحریک چلارہی ہے جو27مارچ2023تک جاری رہے گی۔یہ اطلاع سوسائٹی کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں دی گئی۔
سوسائٹی نے اس موقع ہم تمام محبان اُردو سے اپیل کی کہ اُردو کے ساتھ جہاں کہیں بھی ظلم وزیادتی کی جارہی ہو،اس کے خلاف متحد ہوکر آئین کے دائرے میں رہ کرآواز بلند کریں۔اور
اُردو کی بقاء وفروغ کے لیے طلباء کو اُردو پڑھنے پر زور دیں۔خود اُردو سیکھیں پڑھیں،اپنے بچوں اور دوست احباب کو اُردو پڑھنے لکھنے کی ترغیب دیں۔اُردو کا رسم الخط(اسکرپٹ) کو بالخصوص اختیار کریں۔اُردو کا رسم الخط ہی اُردو زبان کو زندہ رکھ سکتا ہے۔
سوسائٹی نے شکوہ کیا کہ آج اُردو کے خلاف سازشیں رچی جارہی ہیں۔حال ہی میں دیکھا گیا کہ ہلدی رام کمپنی کے ایک پروڈکٹ پر اُردو میں اس کا نام لکھا تھا،جس کو لے کر ہنگامہ کھڑا کردیا گیا۔ اُردومیں لکھے گئے نام کے خلاف اس طرح کا ہنگامہ کرنا سماج میں نفرت پھیلانا نہیں ہے تو اور کیا ہے؟۔یہ اتنے تعصب پرست ہوگئے ہیں کہ ان کو اُردو زبان بھی ایک مخصوص کمیونٹی کی زبان لگ رہی ہے۔