کیا آپ کو لگتا ہے کہ دیویندر فڑنویس مہاراشٹر کے اگلے وزیر اعلیٰ ہوں گے؟
تریپورہ/28جون(ایجنسی) تریپورہ میں بچہ چوری کے شک میں بھیڑ کے ذریعہ ایک مسلم شخص کا قتل اور دو کو بری طرح سے زخمی کردئے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ ظہیرخان نامی شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ گلزار اور خورشید خان کا علاج چل رہا ہے اور ان کی حالت کافی سنگین بتائی جارہی ہے۔ یہ تینوں اترپردیش کے رہنے والے ہیں ۔
گزشتہ ایک سال میں فرضی خبروں کی وجہ سے ملک بھر میں یہ 24 واں قتل ہے ۔ وہاٹس ایپ کے ذریعہ ملک میں ان دنوں بڑے پیمانے پر فرضی خبریں پھیلائی جارہی ہیں ۔ گزشتہ پانچ دنوں میں چھتیس گڑھ اور گجرات میں بچہ چوری کے شک میں دو
افراد کا قتل کیا جاچکا ہے اور کئی لوگوں کی پٹائی بھی کی جاچکی ہے ۔
تری پورہ میں منگل کی رات 11 سال کے ایک لڑکے کا قتل کردیا گیا ۔ چوتھی جماعت میں پڑھنے والے پورنا بسواس کی لاش اس کے گھر کے نزدیک ہی مغربی تری پورہ کے موہن پور علاقہ میں ملی ۔ اس کے بعد پورے علاقہ میں افواہ پھیل گئی کہ بچہ چور گروہ متحرک ہے جو قتل کرکے جسم سے کئی اعضا نکال لیتا ہے ۔
حالانکہ پولیس نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے یہ معلوم ہوا کہ بچہ کے جسم سے کوئی بھی عضو نہیں نکالا گیا ہے جبکہ مقامی لوگوں نے دعوی کیا ہے کہ لڑکے کی کڈنی نکال لی گئی تھی ۔