جموں،28 اکتوبر (یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں جمعرات کی صبح ایک دلدوز سڑک حادثے میں 11 افراد جان بحق جبکہ زائد از ایک درجن زخمی ہوگئے۔
.سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹھاٹری سے ڈوڈہ جارہی ایک منی گاڑی سوئی گواری کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت گیارہ افراد کی موت جبکہ پندرہ دیگر زخمی ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ پیش آتے ہی پولیس، فوج، ایس ڈی آر ایف اور مقامی لوگ جائے واردات پر پہنچ گئے اور بچاؤ آپریشن شروع کرکے زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا۔
جی ایم سی ڈوڈہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ اس حادثے میں گیارہ مسافروں کی موت جبکہ پندرہ دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں سے چھ کو علاج و معالجے کے لئے
جموں ائیر لفٹ کیا گیا ہے جبکہ باقی جی ایم سی ڈوڈہ میں زیر علاج ہیں۔
متوفین میں سے دس کی شناخت 60 سالہ غلام حسین شاہ ولد محمد مقبول شاہ، اس کا بیٹا 30 سالہ شبیر احمد شاہ ساکن بھروت محلہ، 19سالہ ریتک شرما ولد لکھ راج شرما ساکن جموں، 23 سالہ جمال الدین ولد لال الدین ساکن بکھانہ محلہ،65 سالہ محمد لطیف ولد محمد رمضان ساکن بھدرواہ،55 سالہ اناری دیوی زوجہ سوامی رام ساکن سسول بھر شالہ،65 سالہ بہادر سنگھ ولد ہری سنگھ ساکن شردھانی بھلہ،22 سالہ سنتوش کمار ولد سوم ناتھ،24 سالہ راجیش کمار ولد بھودی سنگھ ساکن پرنوٹ محلہ اور سوم ناتھ کے بطور کی گئی ہے۔
زخمیوں میں سے چھ کی شناخت، جنہیں جموں ایئر لفٹ کیا گیا ہے،27 سالہ رمیش کمار،24 سالہ مونیکا دیوی، 22 سالہ سنتوشا دیوی،25 سالہ بابر،32 سالہ پرویز احمد اور 22 سالہ پونم دیوی کے بطور کی گئی ہے۔