مراد آباد ، 30 جنوری (یواین آئی) اتر پردیش کے ضلع مراد آباد کے کندرکی علاقے میں ہفتے کے روز شدید کہرے میں ایک ٹینکر اور بس کے مابین ہوئی خوفناک ٹکر میں کم از کم 10 مسافروں کی موت ہوگئی جبکہ 11 سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح تقریباً 8 بجےمراد آباد آگرہ ہائی وے پر بلاری سرکل میں حسین پور پلیا نان پور کے قریب اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری پرائیویٹ بس کو اوورٹیک کرنے کی کوشش میں ایک کینٹر اس سے ٹکرا گیا۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کے ڈرائیوروالا سائیڈ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ۔ بتایا جارہا ہے کہ ان دونوں گاڑیوں کی ٹکر کے ساتھ ہی ایک 10ٹائروالا ٹرک بھی ان گاڑیوں سے جاٹکرایا۔ اس خوفناک ٹکرمیں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں 11 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ پولیس اور انتظامیہ کے اعلی افسران موقع پر موجود ہیں۔ زخمیوں کو ضلع اسپتال پہنچایا گیا ہے۔ حادثے کی زد
میں آئے زخمیوں کی تعداد میں اضافہ کاامکان ہے۔
وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثہ پر رنج وغم کا اظہارکیا ہے۔ سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو 50 50 ہزار کی مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، جبکہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو 2،2 لاکھ روپے کی مالی امداد کے ساتھ ساتھ زخمیوں کا مناسب علاج کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ راکیش کمار سنگھ نے ہفتے کے روز ہونے والے اس سڑک حادثے میں دس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے ، جبکہ زخمیوں کی تعداد 11 ہے۔
اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے میں ہلاک شدگان کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا آنجہانی کی روح کے سکون کےلئے دعا کی اور سوگوار لواحقین کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعلی نے اس حادثے میں ہلاک شدگان کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے کی مالی مدد دینے کی ہدایت دی ہے۔