سورت، 6 جنوری (یو این آئی) سورت کے سچن انڈسٹریل ایریا میں آج ممکنہ طور پر ایک کیمیکل ٹینکر سے نالے میں بہائے جانے والے کیمیکل کی وجہ سے مشتبہ طور پر زہریلی گیس پھیلنے سے کم از کم چھ مزدوروں کی موت اور 19 دیگر بیمار ہو گئے ہیں سچن تھانے کے پولیس انسپکٹر کے پی جڈیجہ نے یو این آئی کو بتایا کہ ساڑی اور کپڑوں پر پرنٹنگ کرنے والی وشو پریم ڈائینگ اینڈ پرنٹنگ مل کی فیکٹری کے قریب صبح سویرے یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس صبح تقریباً 4.15 بجے اطلاع ملنے پر سچن جی آئی ڈی سی میں واقع اس فیکٹری کے قریب پہنچی تو وہاں 25 مزدور گیس سے متاثر پائے گئے۔ یہ سب فیکٹری کے
گراؤنڈ فلور پر کام کر رہے تھے۔ انہیں فوری طور پر سول اسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران ایک خاتون سمیت چھ افراد دم توڑ دیا۔
دیگر کا علاج کیا جا رہا ہے۔ مسٹر جڈیجہ نے کہا کہ جائے وقوعہ سے کچھ ہی فاصلے پر کیمیکل سے بھرا ایک ٹینکر ملا ہے جو کہ استعمال شدہ کیمیکل کو نالے میں بہانے کی کوشش میں زہریلی گیس میں تبدیل ہو گیا ہوگا۔ فرانسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کے ماہرین اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
واقعے کی دیگر پہلوؤں سے بھی تفتیش کی جارہی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ احتیاط کے طور پر آس پاس کے علاقے کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے۔