کانپور/17جنوری(ایجنسی) اترپردیش کی صنعتی راجدھانی کانپور میں 96 کروڑ روپے کے پرانے نوٹ برآمد ہوئے ہیں۔ اس سلسلہ میں کچھ بڑے کاروباریوں سمیت 16 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ (مغربی) انوراگ آریہ نے آج یہاں بتایا کہ پولیس کی کرائم برانچ نے سوروپ نگر ، گوماٹی، جنرل گنج میں واقع تاجروں کے کاروباری اداروں پر پے در پے چھاپے مارکر بند ہو چکے ایک ہزار اور پانچ سو کے نوٹوں کی تقریباً 96
کروڑ کی کرنسی برآمد کی ۔ اس سلسلہ میں 16 لوگوں کو حراست میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے ۔
مسٹر آریہ نے بتایا کہ ان نوٹوں کو حوالہ کے ذریعہ یا دیگر ذرائع سے معمولی رقم دے کر بدلنے کا منصوبہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے موہت اور سنتوش نامی دو افراد کو پکڑا گیا۔ ان سے پوچھ تاچھ کی بنیاد پر بلڈر اور کپڑا کی تجارت کرنے والے آنند کھتری ، موہت کے علاوہ پروفیسر سنتوش سمیت 16 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ آنند کھتری کے یہاں سب سے زیادہ پرانے نوٹ برآمد کئے گئے۔