ذرائع:
ناگپور: مہاراشٹر کے ناگپور ضلع کے چکدوہ میں اتوار کو دھماکہ خیز مواد بنانے والی فیکٹری میں دھماکے میں نو افراد ہلاک اور تین دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
ایک بیان میں، سولر انڈسٹریز انڈیا لمیٹڈ کے سینئر جنرل مینیجر آشیش سریواستو نے کہا، "ایک المناک واقعہ صبح 9 بجے عمارت نمبر HR-CPCH-2 (مکسنگ، میلٹنگ اور کاسٹنگ) میں پیش آیا جس میں نو مزدوروں کی جان چلی گئی۔"
انہوں نے کہا کہ کمپنی آج اور مستقبل میں مرنے والوں کے اہل خانہ کو ہر طرح کی مدد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
انہوں نے بیان میں کہا، "ہم انکوائری کمیٹی کی سفارشات موصول ہوتے ہی ان پر عمل درآمد کریں گے۔"
قبل ازیں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سریواستو
نے کہا کہ یہ واقعہ اس عمارت میں پیش آیا جہاں کوئلے کی کانوں میں استعمال ہونے والے بوسٹر تیار کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اس وقت ہوا جب پروڈکٹ کو سیل کرنے کا کام جاری تھا۔
"نو لوگ مر چکے ہیں۔ زخمی کارکنوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تمام کارکنوں کو عمارت سے نکال لیا گیا ہے‘‘۔
کونڈھالی پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ واقعہ کے وقت یونٹ میں 12 افراد موجود تھے۔
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اس واقعہ کو افسوس ناک قرار دیا اور نو لوگوں کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت مرنے والوں کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا فراہم کرے گی اور چیف منسٹر ایکناتھ شندے نے اس فیصلے کو منظوری دے دی ہے۔