نئی دہلی /بنگلور، یکم فروری (ایجنسی) فضائیہ کا ایک تربیتی مراج 2000طیارہ بنگلور کے ہندستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) ہوائی اڈہ پر آج حادثہ کا شکار ہوگیا۔ حادثہ میں دونوں پائلٹوں کی موت ہوگئی۔
فضائیہ کے مطابق ایچ اے ایل نے حال ہی میں اس طیارہ کو اپ گریڈ کیا تھااور اس کی تربیتی پرواز چل رہی تھی۔ آج صبح ساڑھے دس بجے اس طیارہ نے ایچ اے ایل کی ہوائی پٹی سے پرواز کی لیکن اس کے
بعد اس میں کچھ خرابی آگئی۔ حادثہ کے بعد طیارہ میں سوار دونوں پائلٹوں نے پیراشوٹ کی مدد سے چھلانگ لگائی لیکن بعد میں دونوں کی موت ہوگئی۔ میڈیا رپورٹوں میں کہا جارہا ہے کہ ایک پائلٹ کی موت حادثہ کا شکار طیارہ کے ملبہ پر اترنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ حالانکہ ابھی اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
حادثہ کی تفصیلات کا انتظار کیا جارہا ہے۔ حادثہ کے اسباب کا پتہ لگانے کے لئے جانچ کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس سے پہلے 2012میں بھی دو مراج طیارے حادثہ کا شکار ہوئے تھے۔