جموں،21 ستمبر (یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع اودھم پور کے شیو گڑھ دھر علاقے میں منگل کے روز ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار دونوں پائلٹ جاں بحق ہو گئے ہیں سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع اودھم پور کے شیو گڑھ دھر علاقے میں بھارتی فوج کا ایک چیتا ہیلی کاپٹر بظاہر تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے سبب گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں جہاز کے دونوں پائلٹ شدید زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھے مہلوک پائلٹوں کی شناخت میجر روہت کمار اور میجر انوج راجپوت کے طور پر کی گئی ہے۔
فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہیلی
کاپٹر کو حادثہ ضلع ادھم پورہ کے پٹنی ٹاپ علاقے میں تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثہ پیش آنے کے بعد ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹوں کو نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آنے کے بعد وہاں مقامی لوگ اور فوجی اہلکار پہنچے جنہوں نے زخمی پائلٹوں کو چارپائیوں میں اٹھا کر قریبی طبی مرکز منتقل کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا: 'بدقمستی سے دونوں پائلٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے'۔
قبل ازیں ضلع مجسٹریٹ اودھم پور اندو کنول چب نے یو این آئی کو بتایا کہ ہم حقائق کا پتہ لگا رہے ہیں۔