ذرائع:
پونے کے لونا والا علاقے میں بھوشی ڈیم کے بیک واٹر فال آبشار میں اتوار کو پانی کے تیز بہاو میں بہہ جانے والے دو بچوں کی تلاش جاری ہے۔
اتوار کی سہ پہر پیش آئے اس واقعہ میں پونے کے سیدنگر سے تعلق رکھنے والے انصاری کے خاندان کے چند افراد پانی میں پھنس گئے تھے جنہیں مقامی افراد اور سیاحوں نے کافی دیر تک بچانے کی کوشش کی لیکن انھیں رسی اور دیگر چیزیں نہیں ملی جس سے وہ ان تک پہنچ نہ سکیں۔ کافی دیر تک خاتون اور کمسن بچے پانی میں پھنس ہوئے تھے اور مدد کا
انتظار کررہے تھے لیکن پانی کا بہاو اتنا تیز تھا کہ ان تک پہنچنا ممکن نہیں تھا، بتایا جاتا ہے کہ یہ آبشار جنگل میں واقع ہے۔
اسی دوران ضلع ایس پی دیشمکھ نے بتایا کہ اتوار کو حادثہ کے بعد پانی میں بہہ جانے والے تین افراد شائستہ انصاری (36) امیمہ انصاری (13) عمیرہ انصاری (8) کی نعشوں کو برآمد کرلیا گیا اورعدنان انصاری (4) ماریہ سعید (9) جو ابھی تک لاپتہ ہیں ان کی تلاش کے لئے امدادی کارروائی جاری ہے۔ عدنان اور ماریہ لاپتہ ہیں جس کی وجہ سے غوطہ خوروں اور ریسکیو ٹیموں نے ایک مسلسل تلاشی مہم شروع کی جو پیر کو بھی جاری ہے۔