ذرائع:
حیدرآباد: میڈی پلی کے چنگیچرلا گاؤں میں چہارشنبہ کو مسلسل چوتھے دن بھی کشیدگی برقرار رہی جب بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے نے اس گاؤں میں داخل ہونے کی کوشش کی جہاں فرقہ وارانہ جھڑپیں ہوئی تھیں۔
نماز کے وقت مسجد کے باہر ڈی جے میں شر انگیز گانے بجانے کے معاملے پر دو برادریوں کے درمیان لڑائی میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ میڈی پلی پولیس نے اتوار کو دونوں برادریوں کے افراد پر دو کیس درج کیے تھے۔ اگلے دن 25 مارچ کو، دائیں بازو کے ہندو گروپ بڑی تعداد میں وہاں پہنچے احتجاج کرتے ہوئے ہندتوا نعرے لگاتے ہوئے اور پولیس کو دھکیلتے ہوئے اس مسجد کے پاس پہنچنے کی کوشش کی جہاں یہ واقعہ
پیش آیا تھا۔
مشتعل افراد کو روکنے کے لئے گاؤں میں خواتین پولیس اہلکاروں سمیت پولیس کو تعینات کر دیا گیا۔
جہاں پولیس نے صورتحال کو قابو میں کیا، وہیں بی جے پی لیڈروں نے اس معاملے کو بھڑکانا جاری رکھا۔ چہارشنبہ کے روز بنڈی سنجے نے اس جگہ پہنچنے کی کوشش کی جہاں اتوار کو جھڑپ ہوئی اور لوگوں سے ملاقات کی۔
پولیس نے جائے وقوعہ کی طرف جانے والی سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔ بی جے پی کارکنوں نے زبردستی راستہ بنانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں روک دیا۔ ہنگامہ آرائی ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ اس دوران رچاکونڈہ آرمڈ ریزرو فورس اور مقامی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔