سورت، 19 جنوری (یو این آئی) گجرات کے ضلع سورت میں گذشتہ دیر رات ایک بے قابو گاڑی نے سڑک کنارے سونے والے 20 افراد کو کچل دیا جس سے ان میں 15 کی موت ہو گئی پولیس نے آج بتایا کہ یہاں سے تقریباً 50 کلومیٹر دور کِم-مانڈوی روڈ پر کوسنبا کے پلوڈگام کے نزدیک یہ حادثہ ہوا ہلاک ہونے والے بنیادی طور پر راجستھان کے ضلع بانسواڑہ کے کُشل گڑھ کے باشندے مزدور بتائے گئے ہیں۔ ہلاکتوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
درمیانی رات کے آس پاس ایک تیز رفتار ڈمپر، گنا لدے ایک ٹریکٹر- ٹرالی سے
تصادم کے بعد غیر متوازن ہو کر ان مزدوروں کے اوپر چڑھ گئی۔ ان میں سے 12 کی تو موقع پر ہی موت ہو گئی۔ آٹھ زخمیوں میں سے تین نے سورت کے اسمیمیر اسپتال میں دم توڑ دیا۔
پولیس نے ڈمبپر کو ضبط کرکے اس کے ڈرائیور اور کلینر کو پکڑ لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈرائیور نے شراب پی رکھی تھی۔ معاملے کی تفصیلی چھان بین کی جا رہی ہے۔
اس درمیان وزیراعظم نریندر مودی نے اس حادثے پر تکلیف کا اظہار کرتے ہوئے ہلاکتوں کے اہل خانہ کو دو دو لاکھ اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپیے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔