ذرائع:
دہلی:دہلی کے علی پور مارکیٹ میں ایک پینٹ فیکٹری میں آگ لگنے کابڑاواقعہ پیش آیا۔حادثے کے وقت انتہائی تنگ علاقے میں واقع اس پینٹ فیکٹری میں مزدور کام کر رہے تھے اور آگ لگنے کے بعد باہر نہیں آ سکے۔ مرنے والوں کی تعداد 11 تک پہنچ گئی ہے۔ آگ اتنی خوفناک تھی کہ آگ کے شعلے دور دور تک دکھائی دے رہے تھے۔ آگ لگتے ہی علاقے میں ہلچل مچ گئی۔
آس پاس کی دکانیں اور بعض مکانات بھی آگ کی لپیٹ میں آگئے۔ خدشہ ہے کہ اس واقعہ میں مزدوروں کے علاوہ دیگر لوگ بھی
مارے گئے ہیں۔ مرنے والوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ آگ بجھانے کا کام رات گئے تک جاری رہا اور فائر بریگیڈ نے صبح آگ پر قابو پالیا۔
فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کے پہنچنے سے پہلے آگ اتنی زیادہ ہو چکی تھی کہ علی پور کے بازار سے بھی اونچی اونچی آگ کے شعلے دیکھے جا سکتے تھے۔ آگ لگنے کے بعد دھویں کے بادل کئی کلومیٹر دور تک دیکھے جا سکتے تھے۔ آتشزدگی کے واقعے کے بعد قریبی گھروں میں دھواں بھر جانے سے لوگ بے ہوش ہوگئے۔ قریبی عمارت کے تین زخمیوں کو بھی ایل این جے پی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔