ذرائع:
وشاکھاپٹنم: (ایجنسیز) آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم کی بندرگاہ میں اتوار کی رات دیر گئے زبردست آگ لگ گئی۔ اس آگ میں 40 سے زائد کشتیاں جل کرخاکستر ہو گئیں۔ مقامی ماہی گیروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بعض شرپسند عناصر نے کشتیوں کو آگ لگا دی ہے۔ مقامی لوگوں کی اطلاع پر فائر بریگیڈ نے جائے وقوع پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
بندرگاہ میں آگ لگنے سے 25 سے 30 کروڑ روپئے کے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اپنی کشتیوں میں آگ دیکھ کر مالکان اپنے آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکے۔ مقامی
لوگوں نے بتایا کہ انہیں شبہ ہے کہ نامعلوم افراد نے یہ حرکت کی ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ رات گیارہ بجے پیش آیا۔ ماہی گیروں کی جانب سے فائر حکام کو اطلاع دینے کے بعد فائر انجن بندرگاہ پر پہنچ گئے اور گھنٹوں کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ وشاکھاپٹنم کے فائر آفیسر ایس رینوکیا نے بتایا کہ بندرگاہ پر ماہی گیری کی کشتیاں کھڑی تھیں۔ ایک کے بعد ایک کوآگ لگ گئی۔ صبح 4 بجے تک آگ پر قابو پالیا گیا۔ آگ پر قابو پانے اور بچاؤ کے لئے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس اور وشاکھاپٹنم پورٹ ٹرسٹ سے مدد لی گئی۔