بھاو نگر : گجرات کے بھاو نگر ضلع میں ایک 21 سال کے دلت نوجوان کا اعلی ذات کے لوگوں نے مبینہ طور پر قتل کردیا ہے۔ مقتول پردیپ راٹھوڑ کو گھڑسواری کا شوق تھا جو مقامی اعلی ذات کے لوگوں کو پسند نہیں تھا ۔ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت نوجوان گھوڑے پر بیٹھ کر اپنے کھیت سے لوٹ رہا تھا۔
مقتول کے اہل خانہ نے ملزموں کی گرفتاری سے پہلے لاش کی آخری رسوم ادا کرنے سے انکار کردیا تھا اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے پولیس پر دباو بنایا ، جس کے بعد امرالا پولیس نے تین ملزموں کو گرفتار کیا ہے۔
مقتول کے اہل خانہ نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ شکایت میں لکھا ہے کہ جب انہوں نے پردیپ کیلئے 30ہزار روپے میں گھوڑا خریدا ، اس وقت ناٹوبھا
دربار اور اس کے دوستوں نے انہیں دھمکی دی تھی۔ پردیپ طویل عرصہ سے اپنے والد سے گھوڑا لینے کی ضد کررہا تھا۔
امرالا پولیس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ناٹوبھا دربار اور دو دیگر کے خلاف قتل کا معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔ پردیپ کے والد کالو بھائی راٹھوڑ نے بتایا کہ انہوں نے تقریبا چار مہینے پہلے اپنے بیٹے کیلئے ایک گھوڑا خریدا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ قتل سے ایک ہفتہ پہلے ان کے اہل خانہ کو دھمکی بھی ملی تھی۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں نے کہا کہ دلتوں کو گھڑسواری نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹمبی اور آس پاس کے علاقوں میں کسی بھی دلت کے پاس گھوڑا نہیں ہے۔ ٹمبی کی آبادی 5000 ہے ، جن میں سے زیادہ تر دربار اور چھتریہ ہیں۔ گاوں میں تقریبا 40 دلت کنبے رہتے ہیں۔