نئی دہلی، 11 دسمبر (یو این آئی) کنور کے قریب گر کر تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر میں سوار دو مزید فوجی اہلکاروں اور ہندوستانی فضائیہ کے چار اہلکاروں کی لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت بھی اسی ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔
حکام نے بتایا کہ ان کی لاش کو آخری رسومات کے لیے ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت، بریگیڈیئر ایل ایس لِڈر اور 10 مزید افراد بدھ کو تمل ناڈو کے
کنور کے قریب ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہوگئے۔
اس حادثے میں گروپ کیپٹن ورون سنگھ واحد زندہ بچ گئے ہیں، جو اس وقت بنگلورو کے کمانڈ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ جنرل راوت ان کی اہلیہ اور بریگیڈیئر لڈر کی آخری رسومات جمعہ کو ادا کی گئیں تھیں۔
دیگر متاثرین میں لیفٹیننٹ کرنل ہرجیندر سنگھ، ونگ کمانڈر پرتھوی سنگھ چوہان، اسکواڈرن لیڈر کلدیپ سنگھ، جونیئر آفیسرز رانا پرتاپ داس اور اراکل پردیپ، حوالدار ستپال رائے، نائک گرسیوک سنگھ، نائک جتیندر کمار، لانس نائک وویک کمار اور لانس بی ایس نائک تیجا شامل تھے۔