ذرائع:
بنگلورو:کرناٹک کے صدرمقام بنگلورو میں آئی ٹی پی ایل مین روڈ پر کندالاہللی میں واقع مشہور رامیشورم کیفے میں دھماکہ ہوا۔ وائٹ فیلڈ کے قریب واقع اس ہوٹل میں دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب دھماکہ اس وقت ہوا جب وہاں بہت زیادہ ہجوم تھا۔بتایاجارہاہے کہ اس واقعے میں ایک خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کومختلف اسپتالوں میں بھرتی کیاگیاہے۔
اگرچہ ابتدائی طور پر اسے سلنڈر پھٹنے کا واقعہ سمجھا جا رہا تھا تاہم ابھی تک دھماکے کی اصل وجہ کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ اس طرح اس پراسرار دھماکے کے واقعے کی تحقیقات میں پہلے ہی تیزی آگئی ہے۔ دھماکے کے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد بنگلورو شہر کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ دھماکے کی شدت کے باعث ہوٹل میں موجود
تمام چیزیں بکھر گئیں۔
دھماکے کے وقت ایک زوردار آواز سنی گئی اور آس پاس کی دکانوں اورقریب واقع دفاتر سے لوگ موقع پر پہنچ گئے۔ دھماکے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا کام شروع کردیا۔ مقامی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو بچانے اور ہجوم کو منتشر کرنے میں مصروف ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی پولیس نے ہوٹل کے قریب بھیڑ کو روکنے کے لئے چوکسی دیکھائی۔
دھماکے کی آواز سن کر عینی شاہدین حیران رہ گئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ہوٹل کے قریب شدید آگ اور دھواں دیکھا گیا۔ تاہم ابھی تک اس دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ جائے وقوع پر امن و امان برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ پولیس دھماکے کی وجہ جاننے میں بھی مصروف ہے۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔