ذرائع:
بہار کے گوپال گنج ضلع میں اتوار، یکم اکتوبر کو مہاویر اکھاڑہ کے جلوس کے دوران دو گروپوں کے درمیان فرقہ وارانہ جھڑپیں ہوئیں۔ یہ واقعہ چکتولی علاقے میں ایک مسجد کے قریب پیش آیا جو ہتھوا پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
فرقہ وارانہ تصادم اس وقت شروع ہوا جب چکتولی کالونی سے گزرنے والے ہندو عقیدت مندوں کے ایک بڑے جلوس نے ’جے شری رام‘ کے نعرے
لگانے شروع کر دیے اور مسجد کے قریب لاؤڈ سپیکر پر ’قابل اعتراض اور جارحانہ‘ گانہ بجانے لگے۔ جس سے دونوں گروپوں میں جھگڑا ہوگیا۔
واقعات کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی ہیں جن میں ایک مشتعل ہجوم کو زعفرانی اسکارف پہنا ہوا ہے اور زعفرانی پرچم لہراتے ہوئے مسلمانوں کی عبادت گاہ میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ جوابی کارروائی میں کچھ لوگوں کو مسجد کے اوپر سے ہجوم پر پتھراؤ کرتے دیکھا گیا۔