ذرائع:
ویشالی: بہارکے ویشالی ضلع میں ایک 24 سالہ خاتون نے مبینہ طور پر شادی سے انکار کرنے پر ایک شخص پر تیزاب سے حملہ کر دیا جس سے اس کا چہرہ شدید جھلس گیا۔ پولیس نے منگل کو بتایا کہ خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور دوسرے نامعلوم ملزم کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کی علی الصبح پاٹے پور تھانہ علاقہ کے سمرواڈا گاؤں میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ سالہ دھرمیندر کمار پیشہ سے ٹیکسی ڈرائیور ہے اور حاجی پور کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ ویشالی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس روی رنجن کمار نے بتایا کہ متاثرہ اور ملزم خاتون 24 سالہ سریتا کماری جو دونوں پڑوسی ہیں، گزشتہ پانچ ماہ سے تعلقات میں تھے۔
ایس پی کے مطابق رات تقریباً 2 بجے دھرمیندر کو اس خاتون کا فون آیا، خاتون ان سے ملنا چاہتی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ خاتون سے اس کے گھر پر ملنے کے بعد جانے والا تھا۔ اس
کے چہرے پر خاتون اور ایک نامعلوم شخص نے تیزاب سے حملہ کیا، جو اس کا جاننے والا بتایا جاتا ہے، جو فی الحال مفرور ہے۔ واقعہ کے بعدمقامی افراد نے متاثرہ کی چیخیں سن کر اسے اسپتال پہنچایا۔ ایس پی نے بتایاکہ خاتون کو منگل کی دوپہر اس وقت گرفتار کیا گیا جب دھرمیندر نے حاجی پور کے ایک نجی اسپتال میں پولیس کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ اوراس کی آنکھیں اور چہرہ شدید طورپرجھلس گیا ہے۔
متاثرہ نے اپنے بیان میں پولیس کو بتایا کہ وہ گزشتہ پانچ ماہ سے خاتون سے بات کر رہا تھا۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ تین بچوں کی ماں خاتون کی کچھ عرصہ قبل اپنے شوہر سے علیحدگی ہوئی تھی۔ پوچھ گچھ کے دوران خاتون نے اعتراف کیا کہ دھرمیندر اس سے شادی نہیں کرنا چاہتا تھا۔ ایس پی نے کہا کہ اس کے گھر والوں نے اس کی شادی دوسری عورت سے طے کر دی، جس کے بعد اس نے اس کا چہرہ خراب کرنے کا فیصلہ کیا۔