بگوٹا، 28 جون (یو این آئی) کولمبیا کے تولوا میں ایک مبینہ جیل بریک کے بعد منگل کو 49 قیدی ہلاک اور تقریباً 50 دیگر زخمی ہو گئے۔
بلیو ریڈیو نے جیل اتھارٹی آئی این پی ای سی اور مقامی فائر ڈپارٹمنٹ کے حوالے سے بتایا کہ یہ واقعہ ویلے ڈیل کوکا صوبے کے ایک شہر تولوا کی ایک مقامی جیل میں پیش آیا۔
کولمبیا کے صدر ایوان ڈیوک مارکیز نے بھی سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
مسٹر ڈیوک نے ٹویٹ کیا: "ہمیں تولوا، ویلے ڈیل
کوکا کی جیل میں ہونے والے واقعات پر افسوس ہے۔ میں آئی این پی ای سی کے ڈائریکٹر جنرل ٹیٹوکیسٹلانوس کے رابطے میں ہوں اوراس سنگین صورتحال کو واضح کرنے کے لیے تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔ متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ میری یکجہتی۔
کولمبیا کے آن لائن اخبار کولمبیا رپورٹس نے بلیو ریڈیو کے حوالے سے بتایا کہ یہ سانحہ دوپہر1-2 بجے کے درمیان اس وقت پیش آیا جب قیدیوں نے مبینہ طور پر اپنے گدوں کو آگ لگا دی جب کہ جیل کے محافظوں نے جیل بریک کو ناکام بنانے کی کوشش کی۔