اسلام آباد، 19 جولائی (یو این آئی) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غاز ی خان میں پیر کے روز انڈس ہائی وے پر مسافر بس اور ٹرک کے تصادم میں کم از کم 34 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے حادثے کے وقت بس سیالکوٹ سے راجن پور جارہی تھی ڈیرہ غازی خان کے کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد راحت رساں موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال ڈی جی خان پہنچایا گیا۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ چار افراد کی حالت تشویشناک ہے، حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
پاکستان کے
وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں 34 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔
مسٹر فواد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑک حادثات سے بچنے کے لئے ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار بس تکنیکی اعتبار سے مس فٹ نکلی، اڑتالیس مسافر وں کی گنجائش تھی،بس میں اٹہتر افراد سوار تھے، ٹیکنیکل اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ پر متاثرہ بس کا معائنہ کرنے کے بعد یہ انکشاف کیا۔