نئی دہلی، 29جون (یو این آئی) کووڈ وبا کے درمیان ہندستانی ریلوے مشن موڈ میں کام کرتے ہوئے آئندہ کچھ برسوں میں ایک لاکھ 15ہزار کروڑ روپے سے زیادہ قیمت کی 58نہایت اہم اور 68اہم پروجیکٹ مکمل کرنے کیلئے تیز ی سے کام کررہا ہے۔
ریلوے کے سینئر حکام کے مطابق کووڈ کے چیلنجوں کے باوجود مستقبل کی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہندستانی ریلوے پٹریوں کی صلاحیت بڑھانے کے لئے نہایت ضروری پروجیکٹوں کو مکمل کرنے کے لئے تیزی سے کام کررہا ہے۔ گزشتہ برس میں گیارہ ہزار 588کروڑ روپے کی لاگت والے کل ملاکر ایک ہزار 44کلومیٹرلمبائی کے 29نہایت اہم پروجیکٹ چالو
ہوگئے ہیں۔
نہایت اہم اور اہم پروجیکٹوں کے مکمل ہونے کے بعد بھیڑ بھاڑ والے روٹوں پر مسافر اور مالی ڈھلائی کی نقل و حرکت، ٹرینوں کی رفتار میں اضافہ، نئی ریلوے سروس شروع کرنے، سیکورٹی میں اضافہ کے لئے زیادہ لائن صلاحیت دستیاب ہوگی کیونکہ ان روٹوں پر دیکھ بھال وغیرہ کے لئے وقت دستیاب ہوگا۔
ہندستانی ریلوے نے 39ہزار 663کروڑ روپے کی لاگت والے کل ملاکر تین ہزار 750کلومیٹر لمبائی کے 58نہایت اہم پروجیکٹوں کو نشان زد کیا ہے۔ ان 58نہایت اہم پروجیکٹوں میں سے 27پروجیکٹ اسی برس دسمبر تک مکمل ہوجائیں گے جبکہ باقی دو پروجیکٹ مارچ 2022تک سونپے جائیں گے۔