نئی دہلی،14 دسمبر(یواین آئی) بازار میں آمد سخت رہنے اور مانگ بڑھنے سے نومبر 2020 میں تھوک افراط زر کی شرح 1.55 فیصد درج کی گئی ہے جبکہ اس سے پچھلے سال کے اسی مہینے میں 0.58 فیصد تھی پیر کو یہاں مرکزی وزارت تجارت و صنعت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2020 میں تھوک افراط زر کی شرح 1.48 فیصد تھی۔ رواں مالی سال میں کورونا وبا سے خوردہ مارکیٹ میں مانگ کم رہی اوراپریل سے نومبر 2020
کے دوران تھوک افراط زر کی شرح 0.28 فیصد پر منفی رہی۔ تاہم ، پچھلے مالی سال کے اسی عرصے میں یہ شرح 1.40 فیصد تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2020 میں اشیائے خوردونوش کی تھوک افراط زر کی شرح بڑھ کر 4.27 فیصد ہوگئی ہے۔ اکتوبر 2020 میں یہ 5.78 فیصد تھی۔ رواں ماہ کے دوران اشیائے ضروریہ کی تھوک شرح 2.72 فیصد اور تیار شدہ مصنوعات کی شرح 2.97 فیصد تھی۔ اس مہینے ایندھن اور بجلی کی شرح منفی 9.87 فیصد رہی ہے۔