نئی دہلی، 14مئی (یو این آئی) موجودہ برس کے اپریل میں تھوک قیمتوں پر مبنی فوڈ افراط زر کی شرح 3.60فیصد درج کی گئی۔
حکومت نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ اپریل 2019میں تھوک فوڈ افراط زر کی شرح 5.49فیصد رہی تھی۔
حکومت نے تھوک افراط زر کے اعدادو شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وبا کی وجہ سے نافذ لاک ڈاون کی وجہ سے اعداد و شمار مکمل طورپر جمع نہیں کئے جاسکے۔ منڈیاں پوری طرح سے بند ہیں، ان کے کھلنے کے بعد حتمی اعدادو شمار میں ترمیم کی جائے گی اب تک صرف محد ود ڈیٹا جمع کیا جاسکا ہے۔افراط زر کے اعدادو شمار ہرمہینہ جمع کئے جاتے ہیں۔
مارچ کے تیسرے ہفتہ سے یہ کام بند ہے، دفاتر میں ملازمین کی کمی ہے جس کی وجہ سے دستیاب اعدادو شمار کا تجزیہ نہیں کیا جاسکا ہے۔
محدود اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2020میں بنیادی اشیا کی تھوک افراط زر 0.79فیصد رہی ہے۔ اسی طرح ایندھن اور توانائی کی قیمتوں میں 10.20فیصد کی کمی آئی ہے۔
اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ مہینہ میں موٹے اناج کی تھوک قیمتوں میں 2.74فیصد، دھان 1.40فیصد، گیہوں 7.26فیصد، دال 12.31فیصد، ساگ سبزی 2.22فیصد، آلو 69.40فیصد، پیاز 73.52فیصد اور انڈا، میٹ، مچھلی 5.87فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ پھلوں کی قیمتوں میں 1.69فیصد کمی آئی ہے۔