نئی دہلی،5 جون (یواین آئی) مائیکرو اسمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز(ایم ایس ایم ای) کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے چھوٹی صنعتوں کو سرمایہ فراہم کرنے کے لئے غیر بینکنگ مالیاتی کمپنیوں (این بی ایف سی) میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے امکان کی تلاش پر زور دیا ہے۔
ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مالیاتی اداروں اور صنعتوں کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے گڈکری نے کہا کہ چھوٹی صنعتوں کے لئے سرمایہ کی دستیابی ایک اہم مسئلہ ہے۔
اس کے حل کیلئے تمام مالیاتی اداروں اور حکومت کو مل کر کام کرنا چاہئے۔ یہ پروگرام جمعرات کے آخر میں اختتام پذیر ہوا۔مرکزی وزیر نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ایم ایس ایم ای کو مدد فراہم کرنے کے لئے این بی ایف سی ، ریاستی کوآپریٹو یونین ، ضلعی کوآپریٹو بینکوں ، کریڈٹ سوسائٹیوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے
علاوہ ، این بی ایف سی کو مضبوط بنانے کے لئے ایف ڈی آئی کے امکانات کی بھی تلاش کی جاسکتی ہے ، جس سے ایم ایس ایم ای کو بہت مدد ملے گی۔ مسٹر گڈکری نے کہا کہ موجودہ اقتصادی عدم استحکام سے نمٹنے کے لئے ایم ایس ایم ای شعبہ کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومت نے خصوصی اقتصادی پیکیج -’آتم نربھر بھارت مہم‘ کا اعلان کیا ہے۔ چھوٹی صنعتوں کو ضروری امداد فراہم کرنے کے لئے ایم ایس ایم ای کی تعریف تبدیل کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمداتی مصنوعات کا سامان لے جانے کے لئے نجی ایئر لائنز کی مدد لی جاسکتی ہے اور اس کے لئے وزارت ہوابازی سے اجازت لینے پر غور کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ درآمدات کو کم کرنے کے لئے خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت ایم ایس ایم ای گذشتہ تین برسوں کی برآمدات و درآمدات کے بارے میں تفصیلات کے لئے دو کتابچے پر کام کر رہی ہے۔