نئی دہلی، 20 مئی (یو این آئی) گزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصہ سے کووڈ 19 وبا کے باوجود ، ہندوستان سال 2020-21 میں 3.17 ڈالر کا اپنا برآمداتی ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے جو گذشتہ سال کی برآمدات (2019 -20) کے مقابلہ میں برابری کی سطح پر ہے۔
تجارت و صنعت کی مرکزی وزارت نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ گذشتہ مالی سال کے دوران بھینس کے گوشت کی قیمت 2754 ٹن فی ڈالر سے بڑھ کر 2921 ڈالر فی ٹن ہوگئی ہے۔
وزارت نے بتایا کہ ہندوستان بین الاقوامی تنظیموں کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہے اور بھینس کے گوشت سے متعلق معیار ، فوڈ سیفٹی اور ماحولیاتی انتظام کے نظام پر عمل کررہا ہے۔
ہندوستان، دنیا میں ، بھینس کا گوشت برآمد کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ تغذیہ بخش اور خطرے
سے پاک بھینس کا گوشت دنیا کے 70 سے زیادہ ممالک میں کافی مشہور ہے۔ بھینس کا گوشت درآمد کرنے والے اہم ممالک ہانگ کانگ ، ویتنام ، ملیشیا ، مصر ، انڈونیشیا ، عراق ، سعودی عرب ، فلپائن اور متحدہ عرب امارات ہیں۔ ہندوستان سے برآمد کے لئے صرف بون لیس بھینس کے گوشت کی اجازت ہے۔
زرعی اور پروسیسڈ فوڈ پروڈکٹ ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ سبھی درآمد کار ممالک ہندستانی بھینس کے گوشت کو محفوظ طور پر خرید سکتے ہیں۔ ہندوستان سے بھینس کے گوشت کی برآمدات ہموار طریقے جاری ہے اور سپلائی چین میں کوئی رکاوٹیں نہیں ہیں۔ درآمدکرنے والے ممالک میں بھینس کا سستی قیمت والا گوشت فوڈ سکیورٹی اور خوراک کی قیمتوں میں مہنگائی پر قابو پانے میں معاون ثابت ہورہاہے۔