نئی دہلی ، 2 اکتوبر (یواین آئی) مرکزی وزیر برائےشہری ترقی اور رہائش ہریدیپ سنگھ پوری سوچھ بھارت ابھیان کو ایک عوامی تحریک قرار دیتے ہوئے جمعہ کے روز کہا کہ ملک کو صحت مند اور خوشحال بنانے کے لئے صفائی ستھرائی کے تصور میں تبدیل لانے کی ضرورت ہے۔ مسٹر پوری نےمہاتما گاندھی کی 151 ویں سالگرہ کے موقع پر سوچھ بھارت ابھیان کے 6 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے لوگ صحت مند اور صاف ستھرا ہندوستان کی تعمیر کے لئے پرعزم ہیں ۔ سوچھ بھارت مہم کی کامیابی اس کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے متعلق سروے 2020
میں 12کروڑ سے زائد افراد کا اس میں حصہ لینا اس کی زندہ مثال ہے ۔
تقریب میں وزارت میں سیکریٹری درگاشنکر مشرا اور وزارت کے دیگر اعلی عہدیداروں نے بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر تمام ریاستوں کے نمائندے اور میونسپل کارپوریشنوں اور میونسپل کونسلوں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔
مسٹر پوری نے کہا کہ سوچھ بھارت ابھیان مہاتما گاندھی کی 151 ویں سالگرہ پر ملک میں صفائی ستھرائی کے تصور میں انقلابی تبدیلی لانے والےپروگرام کے طور پراپنے 6 سال پورے کررہا ہے ، جس نے بیت الخلاء کو کسی بھی مکان کے لازمی حصے میں قائم کیا اور شہروں کو صاف ستھرا رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔