ممبئی، 19 مئی (یو این آئی) عالمی مارکیٹ کے کمزور رجحان کے دباؤ میں مقامی سطح پر چوطرفہ فروخت کی وجہ سے آج سینسیکس اور نفٹی 2.5 فیصد سے زیادہ گر گئے۔
بی ایس ای کا تیس حصص والا حساس انڈیکس سینسیکس 1416.30 پوائنٹس گر کر 53 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح سے 52792.23 پوائنٹس اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) نفٹی 430.90 پوائنٹس گر کر 15809.40 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح 16 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے آگیا۔ بی ایس ای کے بڑے اداروں کی طرح چھوٹی اور درمیانی کمپنیوں پر بھی فروخت کا غلبہ رہا۔ اس دوران مڈ کیپ 2.66 فیصد گر کر 22,069.73 پوائنٹس اور اسمال کیپ 2.29 فیصد گر کر 25,801.04 پوائنٹس
پر آ گیا۔
اس دوران بی ایس ای پر کل ملاکر 3447 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 2482 میں فروخت اور 845 میں خریداری ہوئی جبکہ 120 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اسی طرح این ایس ای میں 47 کمپنیوں کے شیئر ٹوٹے، جبکہ تین میں تیزی رہی۔
آسمان چھوتی مہنگائی کی وجہ سے عالمی معیشت کے بارے میں بڑھتی ہوئی تشویش نے بین الاقوامی مارکیٹ کی طرف سرمایہ کاری کے جذبات کو کمزور کیا۔ اس عرصے کے دوران برطانیہ کا ایف ٹی ایس ای 2.57 فیصد، جرمنی کا ڈی اے ایس 2.10، جاپان کا نکئی 1.89 اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ 2.54 فیصد گر گیا۔ تاہم، چین کے شنگھائی کمپوزٹ میں 0.36 فیصد معمولی اضافہ ہوا۔