ممبئی، 25 مارچ (یو این آئی) عالمی سطح پر زیادہ تر اہم انڈیکس میں گراوٹ کے ساتھ ہی ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وبا کے ریکارڈ نئے کیسز سامنے آنے سے شیئر بازار پست ہو گیا۔ جمعرات کو مسلسل دوسرے دن سینسیکس اور نفٹی میں زبردست فروخت درج کی گئی۔ کورونا کے بڑھتے کیسز سے شیئربازار میں گذشتہ روز بھی زبردست گراوٹ درج کی گئی تھی۔
بی ایس ای کا سینسیکس جہاں 740.19 پوائنٹس کی بڑی گراوٹ کے ساتھ 84440.12 پوائنٹس پر بند ہوا وہیں نیشنل اسٹاک ایکسچینج
(بی ایس ای) کا نفٹی بھی 225 پوائنٹس کم ہو کر 14324.90 پوائنٹس پر رہا۔ دن کے آغاز میں آج سینسیکس میں معمولی اضافہ دیکھا گیا اور گذشتہ روز کے مقابلے سینسیکس 20 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ کھلا اور نفٹی بھی 22 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ کھلا۔
اس دوران بڑی، درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں میں ہوئے شدید فروخت کے سبب بی ایس ای کا مڈ کیپ 446.64 پوائنٹس یعنی 2.22 فیصد کم ہو کر 20062.06 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ اس سے گذشتہ روز بھی مڈکیپ اور اسمال کیپ میں شدید گراوٹ درج کی گئی تھی۔