نئی دہلی، 7ستمبر (یو این آئی) ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے آلودگی کم کرنے کے لئے ریاستوں سے اپنے ماحولیاتی بجٹ میں اضافہ کرنے اور عام لوگوں سے آج تعاون کی اپیل کی۔
’نیل گگن کے لئے سوچھ وایو‘ انٹرنیشنل ڈے پر ایک ویبینار میں ریاستوں اور مرکزکے زیرانتظام ریاستوں کے ماحولیات کے سکریٹریوں اور ملک کے سب سے زیادہ آلودہ22شہروں کے مقامی بلدیاتی کمشنروں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر جاوڈیکر نے کہاکہ ریاستوں کو بھی آلودگی کے خلاف کام کرنے کے لئے بجٹ میں اضافہ کرنا ہوگا۔ گزشتہ دس برس میں ریاستوں کا جنگلات کے لئے بجٹ
کم ہورہا ہے۔ نیشنل کلین ایئر پروگرام(این سی اے پی) کے تحت نشان زد 122شہروں میں سے بیشتر میں کارپوریشن ادارے ہیں۔ انہیں زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہر شہر میں آلودگی کی اہم وجہ الگ الگ ہیں اور اس لئے انہیں اسی حصاب سے خصوصی منصوبہ تیار کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ اس کام میں لوگوں کوبھی جڑنا ہوگا۔ انہیں چاہئے کہ وہ ڈیزل یا پٹرول گاڑی کی جگہ الیکٹرک گاڑیوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کریں، بجلی اور پانی بچائیں اورشجر کاری کریں۔ انہوں نے لوگوں سے ایک کلومیٹر تک جانے کے لئے سائکل کا استعمال کرنے یا پیدل جانے کی اپیل کی۔