نئی دہلی، 19 مارچ (یواین آئی) مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ اور ہائی وے کے وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ ملک میں نئے موٹر قانون کے گزشتہ سال لاگو کئے جانے کے بعد سے سڑک حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے اور اس سے لوگوں کی جانیں بچانے میں کافی مدد ملی ہے۔
مسٹر گڈکری نے جمعرات کو لوک سبھا میں لکشدیپ سے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رکن محمد فیصل پی پی کے سوال کے جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ موٹر وہیکلز ایکٹ- 2019 کے اچھے
نتائج سامنے آئے ہیں اور اس کے نفاذ کے بعد سے مختلف ریاستوں میں سڑک حادثات میں کافی کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لاگوہونے کے بعد سے گجرات میں 14، اترپردیش میں 13، منی پور میں 4، جموں و کشمیر میں 15، آندھرا پردیش میں سات، چنڈی گڑھ میں 15 اور دہلی جیسی اہم ریاستوں میں دو فیصد سڑک حادثوں میں کمی آئی ہے۔ صرف کیرالہ اور آندھرا پردیش ہی دو ایسی ریاستیں ہیں جہاں سڑک حادثوں میں بالترتیب4.9اور 2.7 فیصد کا اضافہ ہواہے۔