نئی دہلی، 17 جون (یو این آئی) کورونا وائرس (کووڈ-19) کی عالمی وباء سے بری طرح متاثرہ مالی سال 21-2020 میں کھادی اینڈ ویلج انڈسٹریز کمیشن (کے وی آئی سی) نے اپنا اب تک کا سب سے زیادہ کاروبار درج کیا ہے۔
انتہائی چھوٹی، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی وزارت نے جمعرات کے روز یہاں بتایا کہ مالی سال 21-2020 میں کھادی کمیشن نے 95741.74 کروڑ روپے کا مجموعی سالانہ کاروبار ریکارڈ کیا۔ گزشتہ مالی سال 2019۔20 میں ہونے والے 88887 کروڑ روپے کے
کاروبار کے مقابلے میں ، اس سال تقریبا 7.71 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کے وی آئي سی کے چیئرمین مسٹر ونئے کمار سکسینہ نے کہا کہ 2020-21 میں کھادی کمیشن کی ریکارڈ کارکردگی بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ گزشتہ سال 25 مارچ کو ملک گیر لاک ڈاؤن کے اعلان کی وجہ سے پیداواری سرگرمیاں تین ماہ سے زائد مدت کے لئے ٹھپ ہوگئی تھیں۔ اس عرصے کے دوران تمام کھادی پروڈکشن یونٹ اور فروخت کے مراکز بند رہے جس کی وجہ سے پیداوار اور فروخت شدید متاثر ہوئی۔