نئی دہلی، 22 مارچ (یو این آئی) محکمہ انکم ٹیکس نے شمالی ہندوستان کے ایک سرکردہ رئیلٹی کمپنی کے یہاں کی گئی چھاپہ ماری میں 25 کروڑ روپیے کی غیر اعلانیہ نقد کے ساتھ ہی پانچ کروڑ روپیے کے زیورات بھی ضبط کیے ہیں۔ اس کے علاوہ 11 لاکرس کے آپریشن پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
محکمہ نے آج یہاں بتایا کہ 14 مارچ کو دہلی این سی آر، چنڈی گڑھ، لدھیانہ، لکھنؤ اور اندور میں ایک ساتھ 45 ٹھکانوں پر ایک ساتھ چھاپہ مارا گیا۔ اس دوران بڑے پیمانے پر ثبوت کی ہارڈ کاپی کے ساتھ ڈیجیٹل
ڈیٹا بھی پائے گئے ہیں۔
ضبط شدہ شواہد سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ گروپ 10 سال سے زائد عرصے سے صارفین سے نقد میں ادائیگی قبول کر رہا ہے۔ کمپنی کے اہم ملازموں اور مختلف محکموں کے سربراہان نے گروپ کے کاروبار چلانے کے بارے میں بتایا اور صارفین کی طرف سے نقد ادائیگی کی قبول کیے کے بارے میں وضاحت کی۔ کمپنی نے اس طرح سے تین ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم اکٹھا کرنے کے ثبوت ملے ہیں۔ شواہد سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ کن سرمایہ کاروں نے کمپنی سے 450 کروڑ روپے کا نقد قرض لیا ہے۔