نئی دہلی/19اپریل(ایجنسی) اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی)کے چیئرمین رجنیش کمار نے آج کہا کہ ملک کے کچھ حصوں میں پیدا ہوئے نقدی کے مسئلہ کے لئے لوگ ذمہ دار ہیں
مسٹر کمار نے ہیرو انٹرپرائزز کے زیر اہتمام یہاں منعقد مائنڈ مائن اجلاس 2018میں یہ بات کہی ۔اجلاس میں مباحثہ کے دوران اس سلسلہ میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ
'اس کے لئے لوگ ذمہ دار ہیں ۔ہم بینک
سے پیسے نکال رہے ہیں ،لیکن اسے واپس بینک میں جمع نہیں کرارہے ہیں ۔ایسی صورت میں اتنے بڑے ملک میں کتنے بھی نوٹ کم پڑ جائیں گے ۔'ملک کے سب سے بڑے بینک کے سربراہ نے کہا کہ اس کے علاوہ نقدی کی کمی کے کچھ دیگر اسباب بھی ہوسکتے ہیں ۔گزشتہ دوسہ ماہیوں میں معیشت کی رفتاربڑھی ہے۔اس سے لوگوں نے زیادہ پیسے نکالے ہیں ۔ساتھ ہی ایک طرف کسانوں کو انکی فصل کی ادائیگی کے لئے آڑھتی پیسے نکال رہے ہیں تودوسری طرف کسان بھی اگلی فصل کی تیاری کےلئے پیسے نکال رہے ہیں ۔ مسٹر کمار نے حالانکہ یہ بھی کہاکہ اس کی کوئی ایک وجہ بتانا مشکل ہے اور ہم صرف اندازہ ہی لگاسکتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ یہ مسئلہ ملک گیر نہیں ہے ۔یہ کچھ حصوں تک محدودہے ۔