نئی دہلی، 12 اکتوبر (یو این آئی) کورونا کی وجہ سے بری طرح متاثر معیشت کو تیز رفتاری عطا کرنے اور تہوار کے موسم میں صارفین کی طلب میں اضافے پر زور دیتے ہوئے مرکزی حکومت نے پیر کو مرکزی ملازمین کے لئے ہالی ڈے ٹریول ریبٹ (ایل ٹی سی) کیش واؤچر اسکیم، خصوصی فیسٹول ایڈوانس اسکیم اور اضافی 37 ہزار کروڑ روپئے کے سرمایہ جاتی اخراجات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے تقریبا ایک لاکھ کروڑ روپئے کی مانگ بڑھانے میں مدد مل سکے گی۔
وزیر خزانہ نرملا سیتارمن اور وزیر مملکت برائے خزانہ انوراگ ٹھاکر نے یہ اعلان یہاں نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کیا۔ محترمہ سیتارمن نے کہا کہ کورونا کا معیشت پر بہت برا اثر پڑا ہے۔ خود کفیل ہندوستان پیکیج کے تحت غریب اور
کمزور طبقوں کی مدد کی گئی ہے اور سپلائی کی رکاوٹوں کو ختم کرنے پر زور دیا جارہا ہے۔ اس کے باوجود ، صارفین کی مانگ اب بھی کم ہے۔ اس کو دھیان میں رکھتے ہوئے، ایسے پیکیج تیار کیے گئے ہیں جس سے نہ صرف جی ڈی پی میں اضافے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ افراط زر پر بھی اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی ملازمین کے لئے ایل ٹی سی کیش واؤچر اسکیم شروع کی جارہی ہے ، جو 31 مارچ 2021 تک جاری رہے گی۔ اس کے تحت ، سال 2018-21 کے چار سالہ بلاک میں دو بار یا آبائی شہر اور ایک بار آبای شہر اور ملک کے کسی دوسرے مقام پر جانے کا فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ اس کے لئے ، ہوائی یا ریل کا کرایہ اہلیت اور گریڈ کے مطابق دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ، 10 دن کی چھٹیوں کا انکیشمنٹ بھی دستیاب ہوگا۔