نئی دہلی/31اگست(ایجنسی) قومی راجدھانی دہلی سمیت ملک کی زیادہ تر ریاستوں میں پٹرول کی قیمتیں آج سب سے اونچی سطح پر پہنچ گئیں اور ڈیزل بھی نئی تاریخی سطح پر پہنچ گیا۔ خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر گرنے کی وجہ سے دونوں طرح کے ایندھنوں کی قیمتوں میں مسلسل چھٹے دن اضافہ دیکھنے کو ملا۔
ملک کی سب سے بڑی تیل کمپنی انڈین آئل کارپوریشن سے ملی اطلاع کے مطابق چار میٹرو شہروں دہلی، کولکتہ، ممبئی اور چنئی
میں جمعہ کو تیل کی قیمتیں 21 سے 23 پیسے فی لیٹر کے درمیان بڑھادی گئیں جو اس سال 9جولائی کے بعد سب سے زیادہ اضافہ ہے۔ ڈیزل کی قیمتوں میں 28 سے 30 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا جو اس سال 18 مئی کے بعد سب سے زیادہ اضافہ ہے۔
دہلی میں پٹرول 22 پیسے مہنگا ئی کے ساتھ 52ء78 روپے فی لیٹر فروخت ہوا۔ اس سے قبل اس کی سب سے اونچی سطح 43ء78 روپے فی لیٹر تھا۔ یہاں ڈیزل کی قیمتیں بھی 29 پیسے کےاضافے کے ساتھ یہ 21ء70 روپے فی لیٹر پر پہنچ گئیں۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ملک کی راجدھانی دہلی میں ڈیزل 70 روپے فی لیٹر کی سب سے اونچی سطح پر پہنچا ہو۔