نئی دہلی،09اگست(ایجنسی) فوڈ سپلائی اور گاہک امور کے مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے آج ’ایک ملک ایک راشن کارڈ‘ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یکم جون 2020 سے یہ پورے ملک میں نافذ ہوجائے گا۔
مسٹر پاسوان نے اس پروگرام کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے کہا کہ سنہ 2020 میں یکم جون سےکسی بھی ریاست کا شخص کسی بھی پبلک ڈسٹریبیوشن سسٹم کی دکان سے راشن لے سکتا ہے۔ آج سے مہاراشٹر۔ گجرات اورآندھرا پردیش ۔تلنگانہ کے مستفیض افراد ان دونوں ریاستوں کے کسی بھی پبلک ڈسٹریبیوشن سسٹم کی دکان سے راشن لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام سے سب سے زیادہ فائدہ مزدوروں کو ہوگا جو مزدوری
کے لیے دوسری ریاستوں میں جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر، گجرات، آندھراپردیش، تلنگانہ، پنجاب، ہریانہ، جھارکھنڈ، کرناٹک، کیرل، راجستھان، اور تریپورہ میں پبلک ڈسٹریبیوشن سسٹم مکمل کمپیوٹرائزڈ ہے اور سب سے پہلے ان ریاستوں کو باہم مربوط کیا جائےگا۔ پورے ملک میں 4.25 لاکھ پبلک ڈسٹریبیوشن سسٹم کی دکانیں ہیں۔
مسٹر پاسوان نے کہا کہ آئندہ یکم جنوری تک ہر حال میں تمام اناج ڈپور کو آن لائن کر دیا جائے گا۔ عوام کو پاش مشین کے ذریعے سے راشن دیا جاتا ہے جس کے لیے بجلی اور انٹرنیٹ کا ہونا ضروری ہے۔ بجلی اور انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کے سبب اس عمل میں دشواری پیش آتی ہے۔