نئی دہلی، 03 جون (یو این آئي) فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز کے مرکزي وزیر نریندر سنگھ تومر نے جمعرات کے روز کہا کہ کسانوں کو اپنی پیداوار کی مناسب قیمت دلا کر ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے ملک میں 10،000 کروڑ روپے کی لاگت سے منی فوڈ پارک قائم کیا گیا ہے۔
چھتیس گڑھ میں ایک میگا فوڈ پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ ملک میں پھلوں اور سبزیوں کی پروسیسنگ کے لئے 41 میگا فوڈ پارکس کی منظوری دی گئی ہے، جن میں سے 23 میگا فوڈ
پارکوں میں پیداوار شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پھلوں اور سبزیوں کی پروسیسنگ کی وجہ سے کاشتکاروں کو اپنی پیداوار کو پھینکنا نہیں پڑے گا اور انہیں اس کی بہتر قیمت موصول ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب زراعت سبسڈی پر منحصر ہوتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ زراعت برے حالات میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی مشترکہ کوششوں سے زراعت کے میدان میں بڑے پیمانے پر تبدیلی آسکتی ہے اور کسانوں کی حالت میں انقلابی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔