ممبئی، 20 اگست (یو این آئی) امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے اس ہفتے کے آخر میں شرح سود میں کمی کے مزید اشارے دینے کی امید اور چین سے دھاتوں کی مانگ میں اضافے سے مقامی سطح پر ہمہ گیر خریداری کے باعث آج اسٹاک مارکیٹ میں تقریباً نصف فیصد کا اضافہ ہوا۔
بی ایس ای کا 30 حصص کا حساس انڈیکس سینسیکس 378.18 پوائنٹس کی چھلانگ لگا کر
80,802.86 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج ( این ایس ای) کا نفٹی 126.20 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 24,698.85 پوائنٹس پر بند ہوا۔ بی ایس ای کی بڑی کمپنیوں کی طرح درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں کے حصص میں بھی زبر دست خریداری ہوئی جس کی وجہ سے مڈکیپ 0.98 فیصد بڑھ کر 48,113.24 پوائنٹس اور اسمال کیپ 0.52 فیصد اضافے کے ساتھ 54,856.49 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔