نئی دہلی/24اپریل(ایجنسی) ہندوستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں کافی مقبول شارٹ ویڈیو ایپ ٹک ٹاک پر عائد پابندی ہٹادی گئی ہے۔ دراصل سپریم کورٹ نے ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف داخل عرضی پر سماعت کرتے ہوئے مدراس ہائی کورٹ کو 24 اپریل تک پابندی پر اپنے فیصلہ پر غور کرنے کی ہدایت دی تھی ۔
مدراس ہائی کورٹ نے بدھ کو اس معاملہ میں سماعت کرتے ہوئے ٹک ٹاک پر عائد پابندی ہٹادی ۔ سپریم کورٹ نے واضح کردیا تھا کہ اگر مدراس ہائی کورٹ نے
اس وقت تک اس پر غور نہیں کیا تو یہ پابندی ختم ہوجائے گی ۔
اس سے پہلے مدراس ہائی کورٹ نے ٹک ٹاپ ایپ پر پابندی لگانے کا حکم دیا تھا ۔ ہائی کورٹ کے اس فیصلہ کے خلاف ٹک ٹاک ایپ کی مالک چینی کمپنی بائٹ ڈانس ٹیکنالوجی نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا ۔ حالانکہ سپریم کورٹ نے کمپنی کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کہا تھا کہ فی الحال مدراس ہائی کورٹ اس معاملہ کی سماعت کررہا ہے ، ایسے میں پابندی کو لے کر کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا ہے۔