نئی دہلی، 30 اپریل (یو این آئی) کھادی اینڈ ولیج انڈسٹری کمیشن کے کھادی برانڈ نے مالی سال 2021-22 میں ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کے ریکارڈ کاروبار کے ساتھ ملک کی تمام فاسٹ موونگ کنزیومر گڈز (ایف ایم سی جی) کمپنیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
کمیشن کے چیئرمین ونے کمار سکسینہ نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ کھادی برانڈ نے ایک بلندی حاصل کی ہے جو ملک کی تمام ایف ایم سی جی کمپنیوں کے لیے ایک دور کا ہدف ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھادی نے پہلی بار 1.15 لاکھ کروڑ روپے کا بہت بڑا کاروبار کیا ہے جو ملک کی کسی بھی ایف ایم سی جی کمپنی کے لیے بے مثال ہے۔
مالی سال 2021-22 میں، کے وی آئی سی کا کل کاروبار 1,15,415.22 کروڑ روپے رہا جو پچھلے
سال یعنی 2020-21 میں 95,741.74 کروڑ روپے تھا۔ اس طرح کھادی نے مالی سال 2020-21 سے 20.54 فیصد کا اضافہ درج کیا ہے۔ کھادی اور دیہاتی صنعتوں کے شعبوں نے مالی سال 2014-15 کے مقابلے میں مالی سال 2021-22 میں کل پیداوار میں 172 فیصد کا زبردست اضافہ درج کیا ہے۔ اسی مدت کے دوران مجموعی فروخت میں 248 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔ کھادی کا یہ بڑا کاروبار ملک میں پہلے تین مہینوں میں یعنی سال 2022 میں اپریل سے جون تک کورونا وبا کی دوسری لہر کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے باوجود ہوا ہے۔
مسٹر سکسینہ نے بتایا کہ مالی سال 2014-15 سے مالی سال 2021-22 تک گزشتہ آٹھ سالوں میں کھادی کے شعبے میں پیداوار میں 191 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ کھادی کی فروخت میں 332 فیصد اضافہ ہوا ہے۔