نئی دہلی، 5 اپریل،(یو این آئی) جیو بی پی اور ٹی وی ایس موٹر کمپنی نے ملک میں الیکٹرک دو پہیہ اور تین پہیہ گاڑی کو چارج کرنے کے لیے ایک مضبوط انفرااسٹرکچر بنانے کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے یہ جیو بی پی کے نیٹ ورک پر مبنی ہوگا۔ اس مجوزہ شراکت داری کے تحت ٹی وی ایس الیکٹرک گاڑیوں کے صارفین کو جیو- بی پی کے وسیع چارجنگ نیٹ ورک تک رسائی حاصل ہوگی۔ ظاہر ہے کہ یہ چارجنگ اسٹیشن دیگر الیکٹرانک گاڑیوں کے لیے بھی کھلے رہیں گے۔
صارفین کو چارجنگ کا جامع اور قابل اعتماد انفرااسٹرکچر فراہم کرنے کے لیے اے سی چارجنگ
نیٹ ورک کے ساتھ ڈی سی فاسٹ چارجنگ نیٹ ورک بھی بنایا جائے گا۔ دونوں کمپنیاں برقیاتی شعبے میں بین الاقوامی سطح کی مہارت رکھتی ہیں، جسے ہندوستانی مارکیٹ میں کمپنیاں صارفین کو ایک نیا تجربہ فراہم کرنے کے لیے استعمال کریں گی۔
جیو بی پی پلس برانڈ کے تحت اپنے الیکٹرانک گاڑیوں کی چارجنگ اور سویپنگ اسٹیشن چلاتا ہے۔ جیو بی پی ایپ کے ساتھ صارفین آسانی سے قریبی چارجنگ اسٹیشن تلاش کر سکتے ہیں اور اپنے ای وی ایس کو چارج کر سکتے ہیں۔ جیو بی پی ایک مضبوط چارجنگ ایکو سسٹم بھی بنا رہا ہے جس سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو فائدہ پہنچے گا۔