ممبئی، 30 اگست (ایجنسی) خام تیل کی قیمتوں میں تیزی اور گھریلو اسٹاک مارکیٹ پر دباؤ سے انٹر بینکنگ کرنسی مارکیٹ میں روپیہ جمعرات کو 70.82 روپے فی ڈالر ہوکر تاریخ کی کمترین سطح تک لڑھک گیا۔
ہندوستانی روپیہ گذشتہ روز کاروبار کے دوران 70.65 روپے فی ڈالر کے ریکارڈ کمترین سطح پر پہنچنے کے بعد بالآخر 70.58 روپے فی ڈالر پر بند ہواتھا۔
روپے کا آغاز جمعرات کو ایک پیسے کی معمولی بہتری کے ساتھ 70.57 روپے فی ڈالر پر ہوا۔ لیکن، بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی
قیمتیں بڑھنے اور دنیا کی دیگر اہم کرنسیوں کے مقابلے ڈالر میں رہنے والی ابتدائی تیزی سے روپیہ 70.82 روپے فی ڈالر کے اب تک کی نچلی سطح تک لڑھک گیا۔
لندن کا بریٹ خام فیوچر آج 0.31 فیصد کی تیزی کے ساتھ 77.38 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا. اس سے امپورٹروں نے ڈالر کی مانگ بڑھا دی۔ ساتھ ہی گھریلو اسٹاک مارکیٹ میں دوپہر کے کاروبار تک فروخت کا زور رہنے سے بھی روپیہ دباؤ میں آ گیا۔
بعد میں دنیا کی دیگر چھ اہم کرنسیوں کے باسکٹ میں ڈالر میں آئی کمی سے خبر لکھے جانے تک کچھ بہتر ہوکر ہندوستانی روپیہ 70.73 روپے فی ڈالر تک واپسی کرنے میں کامیاب رہا۔