نئی دہلی، 22 جون (یو این آئی) انڈین آئل نے بدھ کو یہاں اپنے شمسی توانائی سے چلنے والے 'سوریہ نوتن' انڈور سولر کوکنگ سسٹم کی نمائش کی جس کے تحت بغیر کسی خرچ کے چار افراد کے کنبہ کے لیے مکمل ناشتہ، دوپہر کا کھانا اور رات کا کھانا آسانی سے پکایا جا سکتا ہے۔
انڈین آئل کارپوریشن کے چیئرمین مادھو ویدیا نے مرکزی پیٹرولیم اور گیس کے وزیر ہردیپ پوری اور دیہی ترقی کے وزیر گری راج سنگھ کی موجودگی میں 'سوریہ نوتن' انڈور سولر کوکنگ سسٹم کی نمائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سسٹم میں کھانا پکانے کا آلہ باورچی خانے میں نصب کیا جائے گا اور سولر پینل کھلی جگہ پر رکھا جائے گا جس سے سورج طلوع ہونے کے دوران سولر پینل شمسی توانائی کو جذب کر کے سسٹم میں محفوظ کر لے گا، جس کا کھانا
پکانے کے دوران استعمال کیا جائے گا۔
مسٹر ویدیا نے کہا کہ سوریہ نوتن کے تین قسم کے ماڈل ہوں گے۔ سورج چمکنے پر سوریا نوتن ایل کام کرے گا، سوریا نوتن ایل ڈی سے دوپہر کا کھانا اور رات کا کھانا پکایا جاسکے گا اور سوریا نوتن ایل ڈی بی سے ناشتہ، دوپہر کا کھانا اور رات کا کھانا تیار کیا جاسکے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر پوری نے کہا کہ انڈین آئل کارپوریشن نے یہ انقلابی آلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حوصلہ افزائی سے تیار کیا ہے۔ اس سے نہ صرف نامیاتی ایندھن کی بچت ہوگی بلکہ کاربن کے اخراج میں بھی نمایاں کمی لائی جاسکے گی۔ مودی حکومت کی 'اجولا یوجنا' کے بعد یہ حکومت کا ایک اور انقلابی قدم ہوگا، جس سے لوگوں کو کھانا پکانے میں مدد ملے گی۔ اس سے پیسے کی بھی بچت ہوگی۔